یو اے ای میں ملازمتوں کے مواقع، ٹام کام کے ذریعہ تقررات

   

= امیدواروں کی رہنمائی کیلئے 22 فروری کو سیاست ہب کا اورینٹیشن پروگرام
= سرامک کاسٹر، ٹرینی کاسٹر اور پروسیس آپریٹرس کیلئے 24 اور 25 فروری کو حیدرآباد میں انٹرویوز

حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری (سیاست نیوز) روزنامہ سیاست کی اشاعت کا مقصد ہی پولیس ایکشن کے نتیجہ میں تباہ و برباد ہوئے اور مایوسی کا شکار مسلمانوں میں ایک نیا عزم و حوصلہ پیدا کرنا اور تعلیمی و معاشی طور پر انہیں مستحکم کرنا تھا۔ بانی سیاست جناب عابد علی خاں سے لے کر جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے ہمیشہ اس مقصد کو مدنظر رکھ کر اپنے قدم آگے بڑھائے ۔ اگر ماضی پر نظر دوڑائیں تو پتہ چلتا ہے کہ خلیجی ممالک میں روزگار کے جب دروازے کھلے تب ہندوستان میں روزنامہ سیاست ہی اردو کا وہ واحد اخبار تھا جس میں عرب ملکوں میں ملازمتوں سے متعلق اشتہارات شائع ہوا کرتے تھے جو انگریزی اخبارات میں شائع اشتہارات کا اردو ترجمہ ہوتے اور بالکل مفت صرف اور صرف پریشان حال مسلمانوں کی رہنمائی کیلئے ہوتے چنانچہ زاہد علی خاں کی قیادت میں جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے اس راہ کو اپنایا۔ انہوں نے مسلمانوں کو تعلیمی اور معاشی طور پر مضبوط و مستحکم بنانے پر ساری توجہ مرکوز کردی ہے ۔ چنانچہ سیاست ہب کے ذریعہ ایسے پروگرامس شروع کئے گئے اور شروع کئے جارہے ہیں جس سے ہمارے لڑکے لڑکیاں نہ صرف ہنرمند بنیں بلکہ آمدنی کے ذرائع بھی پیدا کریں۔ جناب عامر علی خاں کی قیادت میں سیاست ہب نے ایک اور پہل کی ہے اور وہ ہے TOM COM (تلنگانہ اوور سیز میان پاور کمپنی لمٹیڈ) کے تعاون و اشتراک سے بیرون ممالک روزگار کے حصول میں نوجوان کی رہنمائی کرنا ہے۔ واضح رہے کہ TOM COM حکومت تلنگانہ کا ایک ادارہ ہے جس کے ذریعہ ہنر مند نوجوان لڑکے ، لڑکیوں کو بیرون ملک ملازمتیں حاصل کرنے میں غیر معمولی مدد کی جارہی ہے ۔ TOM COM وقفہ وقفہ سے بیرون ملک مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے تعلق سے اعلامیہ جاری کررہا ہے۔ اس کے تازہ ترین اعلامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کیلئے سرامک کاسٹر Ceramic Caster ، جونیئر پروسیس آپریٹر اور ٹرینی کاسٹر کی ضروری ہے ۔ سرامک کاسٹر کیلئے امیدوار کا کم از کم دسویں جماعت کامیاب ہونا اور سرامک سنٹر کیلئے درکار ٹریننگ سرٹیفکٹ کا حامل ہوتا ضروری ہے ۔ اس پوسٹ کیلئے دو سالہ تجربہ لازمی ہے جبکہ جونیئر پروسیس آپریٹر کی اہلیت کے بارے میں کہا گیا کہ اس کا آئی ٹی آئی ٹیکنیکل ٹریڈس کا حامل ہونا ضروری ہے ۔ اس کیلئے تجربہ کی کوئی ضرورت نہیں۔ ایس ایس سی کامیاب امیدواروں کیلئے ٹرینی کاسٹر کی جائیدادیں ہیں۔ اس کیلئے بھی تجربہ کی ضرورت نہیں۔ واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے قیام و طعام کی مفت سہولت رہے گی ۔ اوقات کار کے ساتھ ساتھ اوور ٹائم بھی فراہم کیا جائے گا ۔ ابتدائی کنٹراکٹ دو سال کا رہے گا ۔ امیدوار کی عمر 18 تا 40 سال ہو۔ 24 فروری کو متحدہ عرب امارات سے کمپنی کا ایک وفد حیدرآباد آرہا ہے۔ 24 اور 25 فروری کو ٹامکو آفس آئی ٹی آئی ملے پلی کیمپس حیدرآباد میں انٹرویوز ہوں گے۔ اگر آپ ملازمت کے اس مواقع سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں تو اپنے CV ای میل tomcom.resume@gmail.com پر روانہ کریں۔ اسی دوران ڈائرکٹر سیاست ہب جناب زاہد فاروقی نے بتایا کہ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کی خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں انہوں نے Tom Com عہدیداروں سے ربط پیدا کیا ہے اور انہیں 22 فروری بروز ہفتہ صبح 11 بجے تا دوپہر 12 بجے سیاست آڈیٹوریم احاطہ دفتر روزنامہ سیاست میں منعقد ہورہے اورینٹیشن پروگرام کیلئے مدعو کیا ۔ بیرون ممالک ملازمت کے خواہاں امیدواروں کیلئے خاص طور پر یہ اورینٹیشن منعقد کیا جارہا ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے ڈائرکٹر سیاست ہب جناب زاہد فاروقی سے فون نمبر 9848256515 پر ربط پیدا کریں اور اورینٹیشن پروگرام کیلئے ناموں کا اندراج کروائیں۔