یو اے ای میں ملازمین کو رات میں ڈیوٹی کرنے کی اجازت

   

دبئی۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) اس وقت رمضان المبارک کے روزے شدید گرمی میں رکھے جارہے ہیں اور اس وجہ سے دن میں ملازمت انجام دینے والوں کے لئے مشکلات ہورہی ہیں لیکن ذرا سوچیں کہ دن کی ملازمت ہو اور گرمی خلیجی ممالک کی ہو تو پھر ملازم پر کیا گزرتی ہوگی لیکن اب متحدہ عرب امارات کے ملازمین کو بہت بڑی راحت مل گئی ہے کیونکہ انہیں اب دن کے بجائے رات میں ملازمت انجام دینے کی اجازت مل گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق دبئی کی تعمیراتی کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کو دن کے بجائے رات کے اوقات میں ڈیوٹی کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ روزہ دار مزدوروں کو دن کی مشقت سے بچانے کیلئے بعض دیگر کمپنیوں نے ملازمت کے اوقات صبح پانچ بجے سے دن کے 11بجے تک متعین کردیے ہیں۔دبئی اور ابوظہبی کے علاوہ امارات کے مختلف شہروں میں دن کے وقت شدید گرمی ہوتی ہے جس کے باعث کھلے آسمان تلے محنت مزدوری کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔کمپنیوں کی جانب سے مزدوروں کو رمضان المبارک کے دوران رعایت دینے کی پیشکش کو وزارت انسانی وسائل نے سراہا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ روزہ دار مزدوروں کو دن کے وقت آرام کرنے کا موقع دینے سے کمپنیوں کی انسانیت نوازی ظاہر ہوتی ہے۔وزارت نے سرکاری و خانگی شعبوں میں کام کے اوقات آٹھ گھنٹے سے کم کرکے چھ گھنٹے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت انسانی ترقی کے ذرائع نے کہا ہے کہ تعمیراتی کمپنیوں کی جانب سے رات کے وقت ڈیوٹی کا اعلان اختیاری ہے۔ مزدوراورکھلے آسمان تلے کام کرنے والا عملہ اگر چاہے تو دن کے بجائے رات کے وقت ڈیوٹی انجام دے سکتا ہے۔ دوسری جانب بلدیہ، تعمیرات اور منصوبہ بندی کے محکمے نے تعمیراتی کمپنیوں کو دن کے بجائے رات کے وقت کام کرنے کا اجازت نامہ دینے کی شرائط عائد کردیں۔ کمپنیوں کو مزدوروں کی حفاظت کے علاوہ روشنی کا مناسب انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہیں۔ محکمے نے کمپنیوں کو مزید ہدایت دی ہے کہ مزدوروں کی ڈیوٹی رات بھر نہ رکھی جائے۔