نئی دہلی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ہندوستان اور 5 دیگر ملکوں سے سفر کرنے والوں کے نئے زمرے بناتے ہوئے بعض استثنیٰ کا اعلان کیا ہے۔ وہ جو کوویڈ ۔ 19 کے خلاف پوری طرح ویکسین لے چکے ہیں اور یو اے ای کا اقامہ رکھتے ہیں، اُنھیں 5 اگسٹ سے یو اے ای میں داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔ ایسے مسافرین کے لئے ویکسین کا دوسرا ڈوز لینے کے بعد کم از کم 14 روز اپنے ہی مقام پر گزار لینا ہوگا۔ اُس کے بعد ہی وہ یو اے ای کیلئے روانہ ہوسکیں گے۔ اِس سلسلہ میں اُنھیں سرٹیفکٹ ساتھ رکھنا ہوگا۔ یہ فیصلہ ہندوستان کے علاوہ پاکستان، سری لنکا، نیپال، نائجیریا اور یوگانڈا کے شہریوں کے لئے قابل اطلاق ہوگا۔ یو اے ای کی حکومت نے کہاکہ بعض زمروں کے جاب والے لوگ جو پوری طرح ویکسین نہیں لئے، وہ 5 اگسٹ سے واپسی کی اجازت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔