نئی دہلی،6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی نے یو پی اے حکومت کے دور میں 2012میں ہندوستانی آرمی کے ذریعہ تختہ پلٹنے کی کوشش کی جھوٹی افواہ پھیلانے او رملک کے ساتھ غداری کرنے کی انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان جی وی ایل نرسمہا راو نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس نے صرف بدعنوانی ہی نہیں کی بلکہ قومی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالا تھا۔ ایک انگلش روزنامہ میں شائع ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے نرسمہا راو نے کہا کہ یو پی اے کے دور حکومت میں چار مرکزی وزیروں نے فوج کو بدنام کرنے کی سازش کی تھی اور جنوری2012 میں فوجی تختہ پلٹنے کی سازش کی افواہ پھیلائی تھی۔ یہ ملک کے تئیں غداری تھی۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ اپریل 2012میں دی سنڈے گارجین میں ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی کہ فوجی تختہ پلٹنے کی کوشش ہوئی تھی اور حصار متھرا اور دیگر مقامات سے فوجی دستوں کا موومنٹ اسی لئے ہوا تھا۔ آرمی کو ذلیل کرنے کی سازش کی گئی جس کے بارے میں اس وقت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ کے پوچھنے پر انٹلیجنس بیورو نے واضح کیا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔