لکھنو 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش حکومت نے آج کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا پر شدید تنقید کی کیونکہ انہوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں پولیس کی بہیمانہ کارروائی کو اجاگر کیا ہے ۔ یو پی حکومت نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے ویڈیو کا صرف ایک حصہ ہی اپ لوڈ کیا تھا تاہم جب یہ سارا ویڈیو اپ لوڈ کردیا گیا تو انہوں نے اپنے ٹوئیٹ کو حذف کردیا ۔ ویڈیو میں پرینکا نے دعوی کیا تھا کہ ایک شخص پولیس مارپیٹ سے نیم بیہوش ہوگیا ہے تاہم پورے ویڈیو میں دکھایا گیا ہے وہ بعد میں اٹھ کر بھاگ رہا ہے ۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے مشیر شلبھ مانی ترپاٹھی نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ جھوٹ کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی ۔ سپریم کورٹ میں معذرت خواہی کے باوجود یہ لوگ اپنے راستے بدل نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے اس طرح راہول گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ مسٹر ترپاٹھی نے اپنے ٹوئیٹر پر اس واقعہ کا پورا ویڈیو بھی اپ لوڈ کیا ہے جس کے ذریعہ انہوں نے پرینکا گاندھی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے ۔