یو پی میں افسران کے اہل خانہ تک محفوظ نہیں:اکھلیش

   

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ و سابق وزیراعلی اکھلیش یادو نے ریاست میں انتظامی افسران کے اہل خانہ تک کے محفوظ نہ ہونے کا دعوی کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ریاست میں یومیہ مجرمانہ واقعات وقوع پذیر ہورہے ہیں لیکن حکومت و انتظامیہ گہری نیند میں سویا ہوا ہے ۔ایس پی سربراہ نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ وزیر اعلی جگہ جگہ ذکر کرتے ہیں کہ ان کے اقتدار میں رام راج آگیا ہے لیکن سچائی تو یہ ہے کہ عام خواتین کو بات تو چھوڑئیے اترپردیش میں انتظامی افسران کے اہل خانہ تک محفوظ نہیں ہیں۔ ایسے میں عوام الناس کی سیکورٹی کیسے ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں نظم ونسق پوری طرح خستہ حال ہے ۔ روز یہاں مجرمانہ معاملے وقوع پذیر ہورہے ہیں لیکن حکومت اور انتظامیہ گہری نیند میں سوئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس وحشیانہ ڈھنگ سے کانپور دیہات کے مڈولی اؤں میں ماں۔بیٹی کو جلاکر مارا گیا اس سے پوری ریاست شرمسار ہے ۔