یو پی میں شدید ترین سردی ، 37 اضلاع میں اورنج الرٹ

   

Ferty9 Clinic

لکھنؤ، 31 دسمبر (یو این آئی) اتر پردیش میں سردی اور گھنے کہرے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ دارالحکومت لکھنؤ سمیت کئی اضلاع میں صبح اور رات گئے گھنے کہرے کے باعث حدِّ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے ، جس سے معمولاتِ زندگی اور ٹریفک بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ سڑکوں پر گاڑیاں آہستہ رفتار سے چلتی نظر آئیں، جبکہ ٹرین اور بس سروسز پر بھی اس کا اثر پڑا ہے ۔محکمۂ موسمیات کے مطابق یکم جنوری کو مغربی اتر پردیش میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ترائی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کے آثار بھی پائے جا رہے ہیں۔ محکمے کے اندازے کے مطابق آئندہ چار دنوں میں دن کے درجۂ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سیلسیس تک اضافہ ہو سکتا ہے ، جبکہ رات کے درجۂ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری کی بڑھوتری ریکارڈ کی جا سکتی ہے ۔محکمۂ موسمیات نے سہارنپور، شاملی سمیت 17 اضلاع میں بارش کی وارننگ جاری کی ہے ۔ وہیں گھنے کہرے کے پیشِ نظر ریاست کے 37 اضلاع میں اورنج الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کہرے کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی چلاتے وقت فوگ لائٹ کا استعمال کریں اور مکمل احتیاط برتیں۔
موسمی تبدیلی کے باعث آئندہ دنوں میں سردی سے کچھ راحت ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے ۔ ریاست میں 31 دسمبر تک رات گئے اور علی الصبح گھنے کہرے کا اثر برقرار رہنے کا امکان ہے ۔
موسم میں تبدیلی کے باعث دارالحکومت لکھنؤ میں ہوا کا معیار ایک بار پھر خراب ہو گیا ہے ۔ چند دن تک معتدل درجے میں رہنے کے بعد منگل کے روز شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 200 سے تجاوز کر کے 201 درج کیا گیا، جو ”خراب” زمرے میں شمار ہوتا ہے ۔ اس سے قبل 22 دسمبر کو بھی لکھنؤ میں خراب اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ کے مطابق اے کیو آئی کی نگرانی کے لیے نصب چھ اسٹیشنوں میں سے گومتی نگر (229)، علی گنج-کیندریہ ودیالیہ (262)، لال باغ (209) اور تالکٹورہ (296) میں ہوا کا معیار خراب درج کیا گیا ہے ۔