متھرا : اتر پردیش کے متھرا ضلع کے ورنداون میں بنکے بہاری مندر کے قریب منگل کی رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جو کہ ایک سیاحتی مقام ہے۔ پرانی عمارت کی بالکونی گر گئی۔ اس حادثے میں 5 افراد ہلاک اور 6 شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے قریبی دواخانوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ وشنو باغ میں عمارت کی خستہ حال بالکونی اچانک گر گئی۔ سڑک پر سے گزرنے والے بھکتوں پر بالکونی کا ملبہ گر پڑا۔ اس حادثے میں 5 بھکتوں کی موت ہو گئی۔ 6 افراد شدید زخمی ہیں۔ عمارت کی بالکونی کے بارے میں کہا جاتا ہیکہ بندروں کے دو گروپوں کے درمیان لڑائی میں یہ بالکونی گر گئی۔ بنکے بہاری مندر کے قریب دوسیت علاقہ میں وشنو شرما کی ایک پرانی عمارت ہے۔ مقامی شہریوں اور پولیس نے فوری امدادی کارروائی کی۔
ہماچل میں بارش کے تودے گرنے سے60 اموات
شملہ: ہماچل پردیش میں موسلا دھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور بادل پھٹنے سے 60 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ اموات 24 گھنٹوں کے اندر ہوئی ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ ریاست میں 16 اگست تک موسلادھار بارش کا الرٹ ہے۔شملہ میں ایک شیو مندر مٹی کے تودے کی زد میں آ گیا۔ رات 8 بجے تک یہاں سے 11 لاشیں نکالی گئیں۔ اتراکھنڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے چار دھام یاترا کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ شملہ میں شدید بارش کی وجہ سے کالکا-شملہ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔ یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل 120 سال پرانے ٹریک پر پہلی بار ریل کی پٹریوں کو ہوا میں معلق کر دیا گیا۔ دوسری طرف اتراکھنڈ میں مسلسل بارش کی وجہ سے گنگا ٹہری، ہریدوار اور رشی کیش میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔شملہ کے سمر ہل علاقے میں واقع شیو باوڑی مندر شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا۔ 15 سے 20 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ رات 8 بجے تک یہاں سے 2 بچوں سمیت 11 لاشیں نکالی گئیں، باقی کی تلاش جاری ہے۔