یو پی پاور کارپوریشن کا سابق عہدیدار گرفتار

   

لکھنؤ ۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش پاور کارپوریشن لمیٹیڈ کے سابق منیجنگ ڈائرکٹر اے پی مشرا کو ریاستی محکمہ برقی کے ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ کے زائد از 2600 کروڑ روپئے کی داغدار کمپنی ڈی ایچ ایف ایل میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں آج گرفتار کرلیا گیا۔ ان کی گرفتاری سے چند روز قبل ریاستی حکومت نے اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کی تھی اور چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے ڈائرکٹر جنرل شعبہ معاشی جرائم کو ہدایت دی تھی کہ اس معاملہ کو سی بی آئی کے حوالہ کرنے تک اس کی انکوائری کی جائے۔ یو پی کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس او پی سنگھ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ مشرا کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اسٹیٹ پولیس کے اکنامک آفینسس ونگ اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس کیس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ مشرا جو سابق چیف منسٹر اکھیلیش یادو کے قریبی عہدیدار تھے، انہیں ارب پتی مشرا کہا جاتا ہے۔