یواے ای کو آئی پی ایل کی میزبانی کیلئے مکتوب موصول

   

نئی دہلی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کو ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذریعے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کی میزبانی کے لئے باضابطہ معاہدہ نامہ موصول ہو گیا ہے تاہم اس کے لئے حکومت ہند سے منظوری لینی ہوگی واضح رہے کہ آئی پی ایل کا 13 واں ایڈیشن 19 ستمبر سے 10 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے کی تجویز ہے ۔امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پیر کو بی سی سی آئی کی طرف سے باضابطہ خط موصول ہونے کی تصدیق کی۔ ای سی بی کے سکریٹری جنرل مبشر عثمانی نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں بی سی سی آئی کی طرف سے باضابطہ خط موصول ہوا ہے اور اب ہم حکومت ہند کے اس فیصلے کے منتظر ہیں جو معاہدے کو حتمی شکل دے گی۔سرکاری خط موصول ہونے کے بعد ای سی بی نے کورونا کے اس دور میں آئی پی ایل کے محفوظ اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ مزید بات چیت اور کارروائی شروع کردی ہے۔