یوتھ کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ ، پارٹی کارکنان کی گرفتاریاں

,

   

بھوپال : بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بے روزگاری اور دیگر مسائل پر آج یہاں یوتھ کانگریس کے زیر اہتمام احتجاج میں کانگریس کے سینئر لیڈروں نے مرکز اور مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی اور الزام لگایا کہ یہی وجہ ہے کی آج عوام از حد پریشان ہیں۔ریاستی کانگریس ہیڈ کوارٹر کے قریب احتجاج سے قبل ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ، جس میں ریاستی صدر کمل ناتھ ، سابق مرکزی وزراء کانتی لال بھوریہ ، ارون یادو ، سریش پچوری اور یوتھ کانگریس کے قومی صدر بی وی سری نواس نے بھی شرکت کی۔ مسٹر کمل ناتھ اور دیگر مقررین نے اس موقع پر کہا کہ پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ اشیائے ضروریہ اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ اس کی وجہ سے عام لوگ آج بے حد پریشان ہیں ، لیکن مرکزی اور ریاستی حکومتیں اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ اس موقع پر مقررین نے دیگر مسائل بھی اٹھائے ۔میٹنگ کے بعد ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر ڈاکٹر وکرانت بھوریا ، سابق وزیر جے وردھن سنگھ اور دیگر یوتھ کانگریس کے عہدیداران اور ریاست کے ہزاروں کارکنوں نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کی طرف بڑھنے کی کوشش شروع کردی۔ پولیس افسران اور جوان جو پہلے ہی موقع پر موجود تھے بیریکیڈ کے ساتھ سب کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ کچھ لوگوں نے رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے آبی توپوں کا استعمال کیا جس سے ہجوم منتشر ہو گیا۔ اس کے بعد کچھ لوگوں کو پولیس اہلکاروں نے لاٹھیاں دکھاکر بھگا دیا۔