یوتھ کانگریس کے قائدین نے کے ٹی آر کا راستہ روک لیا

   

ارکان اسمبلی کے کیمپ آفسوں کا گھیراؤ کرنے پر پولیس نے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ یوتھ کانگریس قائدین کی جانب سے بیروزگاری کے خلاف ریاست کے مختلف مقامات پر ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کے کیمپ آفسوں کا گھیراؤ کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا ۔ پولیس نے ریاست کے مختلف مقامات پر یوتھ کانگریس کے قائدین و کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔ تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر شیوسینا ریڈی نے اسمبلی حلقہ مہیشورم کا دورہ کرنے والے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی جنہیں گرفتار کرتے ہوئے پولیس نے انہیں اور دوسرے یوتھ کانگریس قائدین کو ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ جہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیوسینا ریڈی نے کہا کہ اگر کے ٹی آر کو ہمت ہے تو وہ پولیس سیکوریٹی کے بغیر ریاست میں کسی بھی مقام کا دورہ کر کے دکھائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ملازمتوں کی فراہمی کے لیے حکومت کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کی وجہ سے کئی بیروزگار نوجوان دل برداشتہ ہو کر خودکشیاں کررہے ہیں پھر بھی چیف منسٹر کے سی آر ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہے ۔ ملازمتوں کی فراہمی اور بیروزگاری بھتہ کی اجرائی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج یوتھ کانگریس کے قائدین و کارکنوں نے ریاست میں ارکان اسمبلی کے کیمپ آفسوں کا گھیراؤ کیا ہے ۔ پولیس نے ظالمانہ رویہ اپناتے ہوئے یوتھ کانگریس قائدین کے خلاف لاٹھی چارج کیا اور کئی قائدین کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس کے ان حملوں سے ہم خوفزدہ ہونے والے نہیں ہے ۔ اگر حکومت کی جانب سے ملازمتوں کی فراہمی کے لیے نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا جاتا اور نہ ہی بیروزگاری بھتہ کی اجرائی کے لیے فیصلہ کیا جاتا ہے تو یوتھ کانگریس اپنی احتجاجی مہم میں شدت پیدا کرے گی ۔۔ ن