یورانیم کیلئے کھدوائی کو اجازت کی تردید:کے ٹی آر

   

حیدرآباد۔15ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے وزیر تارک راما راو نے واضح کیا ہے کہ نلہ ملہ جنگلات میں یورانیم کے لئے کھدوائی کی کسی قسم کی اجازت ریاستی حکومت نے نہیں دی ہے ۔مستقبل میں بھی ایسی اجازت نہیں دی جائے گی۔بجٹ سیشن کے حصہ کے طورپر تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ یورانیم کی تلاش نلگنڈہ ضلع کے لمباپور میں کی گئی تاہم ناگرکرنول۔امرآباد کے علاقوں میں کسی بھی قسم کی تلاشی کا کام نہیں کیا گیا۔ان علاقوں میں تلاشی کے لئے کوئی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ جنگلاتی زندگی کو نقصان سے بچانے کے لئے اس کی اجازت نہیں دی گئی۔مسٹر راو نے کہاکہ یورانیم کی تلاش کا کام مرکز کے اٹامک منرلس ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے انجام دیاجائے گاتاکہ اس بات کی تصدیق کی جاسکے کہ آیا کمیکل موجود ہیں اور اگر ہیں تو کتنے کمیکل نکالے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یورانیم کی تلاش کے لئے اصل اجازت دینے کی مجاز تلنگانہ حکومت ہے تاہم ریاستی حکومت اس کے لئے یورانیم کارپوریشن انڈیا لمیٹیڈ کو اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کانکنی کے نتیجہ میں دریائے کرشنا کے پانی کے آلودہ ہونے کے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔