یوروپ میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ باعث تشویش : ڈبلیو ایچ او

   

نیویارک۔ عالمی ادارہ صحت نے یورپ میں کورونا وائرس کے دوبارہ بڑھتے ہوئے کیسیس پر تشویش ظاہر کی ہے۔ بیشتر یورپی ممالک میں کافی حد تک پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں اور نتیجتاً کئی ملکوں میں کیسز بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔ جرمن ریاست سیکسنی کے میئر نے بیان دیا ہے کہ وائرس کی دوسری لہر آ نہیں رہی بلکہ آ چکی ہے۔ علاوہ ازیں آسٹریا، برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے سماجی سطح پر فاصلہ برقرار رکھنے اور عوامی مقامات پر چہروں پر ماسک پہننے سے متعلق قوانین پر زیادہ موثر عملدرآمد اور اضافی ٹیسٹنگ کرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یورپی براعظم کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں سے بیس فیصد کا حصہ دار ہے جبکہ ہلاکتوں کے اعتبار سے کئی خطوں سے آگے ہے۔قبل ازیں کورونا پر حکام نے کسی حد تک قابو پانے میں کامیابی حاصل کرلی تھی ، لیکن اس کا دوبارہ سَر اُبھارنا تشویش کا باعث بن گیا ہے۔