یوروپی یونین اشیاء پر زائد امریکی ٹیکس کے منفی اثرات ہوں گے : فرانس

   

واشنگٹن ۔ 18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے وزیرمعاشیات برونو لی مائرے نے جمعرات کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایئربس کے تنازعہ میں یوروپی یونین کی اشیاء پر زائد ٹیکسوںکا نفاذ کیا تو اس کے منفی نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف معاشی بلکہ سیاسی نقطہ نظر سے بھی ٹیکسوں کے نفاذ کا منفی اثر مرتب ہوگا۔ امریکی وزیرخزانہ اسٹیون چین سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بعد امریکہ اب یوروپی یونین کے ساتھ تجارتی تنازعہ کھڑا کرنا چاہتا ہے جس سے عالمی معیشت ایک بار پھر لڑ کھڑا سکتی ہے۔ لی مائر امریکی تجارتی نمائندہ رابرٹ لائیتھیزر سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ جب تک قارئین یہ سطور پڑھ رہے ہوں گے اس وقت تک ملاقات ہوچکی ہوگی تاہم وہ امریکہ کے ساتھ کوئی تجارتی تنازعہ نہیں چاہتے اور یہ باور کروانے کی کوشش کریں گے کہ یوروپی یونین کی اشیاء پر ایئربس تنازعہ سے قطع نظر زائد ٹیکسوں کے نفاذ سے گریز کیا جائے۔