برسلز: ایک یورپی عسکری تجزیہ کار ٹامس ناگی نے کہا ہے کہ یورپ کو حال ہی میں اعلان کردہ امریکی دفاعی منصوبے کی طرح ایک ’’گولڈ ڈوم‘‘ کی ضرورت ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گولڈ ڈوم فار امریکہ منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا تھا جس کا ہدف امریکہ کے لیے میزائل خطرے کو ختم کرنا تھا۔سلواکیہ کے عسکری تجزیہ کار ٹامس ناگی نے کہا کہ اگرچہ یہ عزائم ٹرمپ کے شاندار انداز کی علامت ہے لیکن یہ ایک مشکل حقیقت کی نشاندہی بھی ہے کہ مغربی فضائی اور میزائل دفاعی نظام غیر مغربی مخالفین کی ابھرتی ہوئی اور بڑھتی ہوئی جارحانہ صلاحیتوں سے خطرناک حد تک پیچھے رہ گئے ہیں۔
ایک عالمی تھنک ٹینک GLOBSEC میں جوہری، خلائی اور میزائل دفاع کے ایک سینئر محقق اور سلوواک ریپبلک کے نائب وزیر دفاع کے سابقہ سینئر پالیسی مشیر ناگی نے کہا ہے کہ یہ رجحان واضح ہے کہ روس اور چین کی ہائپرسونک میزائل کی پیش قدمی سے لے کر شمالی کوریا کی بیلسٹک میزائلوں میں مسلسل پیشرفت ہو رہی ہے۔