یورپی کمیشن کا ویکسین کی مزید لاکھوں خوراکوں کا آرڈر

   

برسلز: یورپی کمیشن نے بائیو اینڈ ٹیک۔ فائزر کے ساتھ کورونا ویکسین کی 300 ملین تک اضافی خوراکوں کی فراہمی کا معاہدہ کیا ہے۔ کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ برسلز اتھارٹی نے جرمن شہر مائنز میں قائم کمپنی بائیو اینڈ ٹیک اور اس کی امریکی شراکت دار کمپنی فائزر کے ساتھ دوسرے معاہدے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت 200 ملین ویکسین خوراکوں کا آرڈر دیا گیا ہے اور یورپی یونین کے پاس مزید 100 ملین کا متبادل موجود ہے۔ تاہم اس نئے معاہدے سے ویکسین کی موجودہ قلت کی صورتحال پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دوسرے آرڈر کے تحت 75 ملین ویکسین خوراکوں کی فراہمی 2021 ء کی دوسری سہ ماہی میں ممکن ہو گی۔