یورپی یونین کا چین کے مقابلے میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبہ پر اتفاق

   

برسلز : یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے پیر کو انفراسٹرکچر کا ایک بڑا منصوبہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ چین کے ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ کی طرز کا منصوبہ ہوگا جو یورپ کو دنیا سے جوڑے گا۔ یورپی یونین اپنے اس منصوبے پر 2022 سے کام شروع کرنے کی خواہاں ہے۔پیر کو بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد جرمن وزیرِ خارجہ ہائیکو ماس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “ہم دیکھ رہے ہیں کہ چین دنیا بھر میں اپنا سیاسی اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے معاژی اور اقتصادی ذرائع استعمال کر رہا ہے۔”انہوں نے کہا کہ اس بارے میں شور کرنا بے کار ہے بلکہ ہمیں اس کا متبادل پیش کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ کے یورپ اور ایشیا کو ملانے کے منصوبے ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ پر شبہ کیا جاتا ہے کہ وہ بیجنگ کا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔چین کے اسی منصوبے پر گزشتہ ماہ جی سیون ممالک کے اجلاس میں بھی بات ہوئی تھی۔ جی سیون ممالک نے بھی ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ منصوبے کے جواب میں ایک بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ بنانے پر اتفاق کیا تھا۔