کولکاتہ۔31؍اگست ( ایجنسیز) مغربی بنگال کی چیف منسٹر اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی کی یکم ستمبر کو پٹنہ میں ہونے والی ووٹر ادھیکار یاترا میں شریک نہیں ہو پائیں گے۔ ترنمول کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے جنرل سکریٹری کی جگہ سابق کرکٹر اور بہرہام پور سے ترنمول کے رکن پارلیمان یوسف پٹھان کو ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول گاندھی کی 16 روزہ ’ووٹر ادھیکار یاترا 17 اگست کو سہسرام سے شروع ہوئی تھی جو 23 اضلاع سے گزرتی ہوئی یکم ستمبر کو پٹنہ میں اختتام پذیر ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی نے ممتا بنرجی اور رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کو اس ریالی اور اس کے بعد ہونے والے عشائیہ میں شامل ہونے کے لئے دعوت نامہ بھیجا تھا۔