مودی اورامیت شاہ نے تلگو میں ٹوئیٹ کیا، وینکیا نائیڈو کا اردو زبان میں ٹوئیٹ
حیدرآباد ۔2۔ جون (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر کئی اہم شخصیتوں نے چیف منسٹر کے سی آر اور تلنگانہ عوام کو مبارکباد پیش کی۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج صبح چیف منسٹر کو فون کرتے ہوئے یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے تمام شعبہ جات میں تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ کے سی آر نے تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کے اظہار پر صدر جمہوریہ سے اظہار تشکر کیا۔ رام ناتھ کووند نے ٹوئیٹر پر تلنگانہ عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم تلگو تہذیب اور لٹریچر کی تاریخ پر ساری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے محنت کش عوام نے ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے آنے والے برسوں میں ریاست میں خوشحالی اور ترقی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدر جمہوریہ نے انگلش اور تلگو زبانوں میں ٹوئیٹر پر یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے تلگو اور انگریزی میں ٹوئیٹر پر یوم تاسیس تلنگانہ پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ نریندر مودی نے لکھا کہ تلنگانہ عوام کو ریاست کی سالگرہ مبارک ہو۔ ریاست کے عوام نے کئی شعبوں میں اپنی قابلیت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ملک کی ترقی میں تلنگانہ ریاست میں اہم رول ادا کیا ۔ میں تلنگانہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعاگو ہوں۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ٹوئیٹر پر اپنے پیام میں تلنگانہ عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ نائب صدر جمہوریہ نے اردو میں یوم تاسیس کا پیام ٹوئیٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تلنگانہ ریاست کے یوم تاسیس کے موقع پر عوام کو دلی نیک تمنائیں ۔ قدرتی وسائل سے مالا مال، قابل فخر تاریخ کی حامل تلنگانہ مختلف النوع زبانوں اور ثقافتوں کا مرقع ہے۔ بھارت کی گنگا جمنی تہذیب کی علامت اس ریاست کے خوشگوار ، خوشحال مستقبل کیلئے میری نیک خواہشات ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تلگو زبان میں ٹوئیٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی ۔ ملک کی دیگر کئی اہم شخصیتوں نے یوم تاسیس کے موقع پر چیف منسٹر کو مبارکبادی کے پیامات روانہ کئے ہیں۔