حیدرآباد۔ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر تلنگانہ کی یوم تاسیس تقاریب سادگی کے ساتھ منائی گئیں۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو نے حیدرآباد میں تلنگانہ شہدا کو بھرپورخراج پیش عقیدت کیا اور اپنے کیمپ آفس پرگتی بھون میں صبح 9.30بجے قومی پرچم لہرایا۔انہوں نے گن پارک میں تلنگانہ کے شہدا کو خراج پیش کیااور دو منٹ کی خاموشی بھی منائی۔اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور کونسل کے صدرنشین جی سکھیندرریڈی نے بھی اسمبلی کے احاطہ میں قومی پرچم لہرایا۔ دوسری طرف کوویڈ کے پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے ریاست کے اضلاع میں تمام اہم شخصیات بشمول ریاستی وزرا،سرکاری وہپس اور دیگر نے قومی پرچم لہرایا۔ان شخصیات نے ترنگالہرانے کے بعد تلنگانہ کے شہدا کی یادگار پر خراج بھی پیش کیا۔اس وبا کے پیش نظر احتیاطی اقدامات جیسے ماسک کے استعمال،سماجی فاصلہ،تقریب کے مقامات کو جراثیم سے پاک بنایا گیا تھا ۔
یوم تاسیس تلنگانہ پر نائب صدراور وزیراعظم کی مبارکباد
حیدرآباد۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیانائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست کے یوم تاسیس کے موقع پر تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔مسٹرنائیڈو نے ٹوئیٹر کے ذریعہ اپنی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاریاست کی یوم تاسیس کے موقع پر تلنگانہ کے عوام کو میری مبارکباد۔ تلنگانہ قدیم روایات کے لئے جانا جاتا ہے اور یہ اپنی عظیم تاریخ،متنوع ثقافتی ورثہ اور فنکارانہ عظمت کے لئے شہرت رکھتا ہے ۔ریاست اوراس کے اہل عوام نے ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ ریاست کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی بہتری کے لئے انہوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم مودی نے بھی اس موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہاریاست کے یوم تاسیس کے موقع پر تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد۔اس ریاست میں انوکھی ثقافت اور سخت محنت کرنے والے لوگ ہیں جو کئی شعبہ جات میں ماہر ہیں۔تلنگانہ کے عوام کی بہتر صحت اور بہتری کے لئے میں دعاگو ہوں۔