یوم تاسیس تلنگانہ کے جواب میں کل کانگریس کا یوم دغابازی احتجاج

   

ہر اسمبلی حلقہ میں کے سی آر کے علامتی پتلے جلائے جائیں گے، 10 اہم وعدوں کی عدم تکمیل پر توجہ دہانی
حیدرآباد: 20 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے یوم تاسیس تلنگانہ سرکاری تقاریب کے جواب میں 22 جون کو یوم دغابازی کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 22 جون کو تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں کے سی آر کے وعدوں کی عدم تکمیل پر چیف منسٹر کے علامتی پتلے نذرآتش کئے جائیں گے۔ راون کی شکل میں چیف منسٹر کا پتلہ تیار کیا جائے گا اور 10 سر میں ہر ایک پر ایک وعدہ لکھا جائے گا جس کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تمام ضلع کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ منڈل سطح پر احتجاج منظم کرتے ہوئے آر ڈی او یا ایم آر او کو یادداشت پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن وعدوں کی عدم تکمیل پر احتجاج کیا جائے گا ان میں کے جی تا پی جی مفت تعلیم، فیس ری ایمبرسمنٹ، ہر گھر کو روزگار، بیروزگاری الائونس، ڈبل بیڈروم مکانات، دلت خاندانوں کو 3 ایکر اراضی، قبائل کو جنگلاتی اراضی، کسانوں کے قرض معافی، 12 فیصد مسلم تحفظات، 12 فیصد ایس ٹی تحفظات شامل ہیں۔ ریاست کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں یوم تاسیس کی سرکاری تقاریب کے اختتام کے موقع پر کانگریس نے یوم دغابازی منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آئی سی سی کے انچارج سکریٹری مانک رائو ٹھاکرے نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے احتجاج میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ کانگریس پارٹی جاریہ ماہ کے اواخر میں کھمم میں جلسہ عام کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی پیپلز مارچ پدیاترا کے 100 دن کی تکمیل پر یہ جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جلسہ عام میں پارٹی کے کسی قومی قائد کو مدعو کیا جائے گا۔ر