یونان میں امریکی سفیر کی رہائش گاہ میں توڑ پھوڑ

   

ایتھینز۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سفیر متعینہ یونان کی رہائش گاہ پر کچھ شرپسندوں نے توڑ پھوڑ کی اور وہاں ڈھیر سارا پینٹ (رنگ) پھینک دیا جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ مقامی شرپسندوں کا کام ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر سفیر جیفری پیاٹ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ آج صبح جب وہ سوکر اُٹھے تو انہوں نے دیکھا کہ شرپسندوں نے ان کے مکان میں توڑ پھوڑ کی ہے جو ان کی (سفیر) نظر میں بچکانہ حرکت ہے۔ وہ اس وقت یونانی حکام کے ساتھ ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پرتشدد طریقہ اپناکر املاک کو نقصان پہنچانا پرامن احتجاج نہیں ہوسکتا۔ دریں اثناء پولیس نے بتایا کہ 10 افراد کا ایک گروپ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر سفیر کی رہائش گاہ پہنچا اور وہاں پینٹ (رنگ) ڈال دیا تھا اور توڑ پھوڑ مچائی تھی۔