یونانی ہاسپٹل چارمینار میں بوسٹر ڈوز کا افتتاح

   

نظامیہ طبی ہاسپٹل میں تقررات کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا اعلان : ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے آج نظامیہ طبی ہاسپٹل چارمینار میں کورونا بوسٹر ڈوز مہم کا آغاز کرتے ہوئے عوام کو بلا خوف و جھجک ٹیکہ لینے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر مجلس کے قائد مقننہ اکبر الدین اویسی بھی موجود تھے ۔ مجلس کے ارکان اسمبلی ممتاز احمد خاں اور احمد پاشاہ قادری نے بھی کورونا کا بوسٹر ڈوز لیا ۔ وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ پرانے شہر کے مقامی ارکان اسمبلی نے پہلے بوسٹر ڈوز لیتے ہوئے عوام کو مثبت پیغام پہونچایا ہے ۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں جلد از جلد کورونا کا ٹیکہ لے لیں ۔ یہ کورونا وبا کے معاملے میں ڈھال بن کر آپ کی حفاظت کرے گا ۔ وزیر نے ٹیکہ اندازی اور 15 سال مکمل کرنے والے بچوں کو ٹیکہ اندازی کے معاملے میں عوامی منتخب نمائندے حکومت سے مکمل تعاون کریں اور ٹیکہ لینے کے معاملے میں عوام میں شعور بیدار کریں ۔ ٹیکے تمام شکوک سے بالاتر ہے عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں اپنی اور اپنے ارکان خاندان کی حفاظت کے لیے ٹیکہ اندازی مہم کو کامیاب بنائے ۔ ریاست 102 فیصد پہلے ڈوز کی تقسیم مکمل ہوگئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے خلاف شروع کردہ جنگ میں عوام کی حفاظت کے لیے مفت ٹیکے دئیے جارہے ہیں ۔ بوسٹر ڈوز فائدے مند رہے گا تمام اہل افراد ضرور ٹیکہ لیں ۔ امریکہ اور برطانیہ میں بھی عوام کو بوسٹر ڈوز دئیے جارہے ہیں ۔ 15 تا 18 سال عمر کے 38 فیصد بچوں کو ٹیکے دے دئیے گئے ہیں ۔ ٹیکہ اندازی مہم کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ یونانی ہاسپٹل اور کالج کے مسائل پر وہ تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔ ہاسپٹل کے مسائل کو بہت جلد حل کیا جائے گا اور ساتھ ہی ہاسپٹل میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اندرون دو یا تین یوم نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے پروفیسرس کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کیلئے مزید خدمات فراہم کریں ۔ وہ وزیر صحت کی زائد ذمہ داری قبول کرنے کے بعد تمام قسم کی طبی امداد کا جائزہ لے رہے ہیں اور مسائل پر غور کررہے ہیں ۔ یونانی ہاسپٹل اور کالج کے مسائل کے بارے میں آج بھی انہیں واقف کرایا گیا ۔ جس پر وہ ہمدردانہ غور کریں گے اور عہدیداروں سے اس کی یکسوئی کے لیے تبادلہ خیال کریں ۔ یونانی کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوشش کریں گے ۔۔ ن