حیدرآباد 2 جون ( پی ٹی آئی ) یونیورسٹی آف حیدرآباد نے طلبا کو ہاسٹلس خالی کرنے کیلئے دئے گئے وقت میں 30 جون تک توسیع کردی ہے ۔ واضح رہے کہ کل ہی کچھ طلبا نے ایک سرکلر کے خلاف احتجاج کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ طلبا ایک ہفتے میں اپنے ہاسٹلس خالی کردیں اور گھروں کو لوٹ جائیں کیونکہ بین ریاستی سفر کی اجازت مل گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ طلبا یونین کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور سابقہ اعلامیہ میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عہدیدار نے کہا کہ چونکہ ہاسٹل کے تخلیہ کیلئے دیا گیا وقت کافی کم ہے اس لئے طلبا کی نمائندگی کو دیکھتے ہوئے اس میں توسیع کردی گئی ہے اور اب طلبا کو ہاسٹلس کا تخلیہ کرنے کیلئے 30 جون تک مہلت دی گئی ہے ۔