نیویارک۔ 19 اگست (ایجنسیز) یوٹیوب، جو گوگل کا ذیلی ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ہے، نے ٹی وی ویونگ ٹائم میں نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب یوٹیوب کا ویو ٹائم ان دونوں پلیٹ فارمز کے مجموعی ویونگ ٹائم سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔ نیلسن کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں مجموعی ٹی وی ویونگ ٹائم کا 12.5 فیصد حصہ یوٹیوب کے پاس ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ اسٹریمنگ نے کیبل اور براڈکاسٹ ٹی وی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جہاں بڑے میڈیا ادارے سبسکرائبر حاصل کرنے کے لیے اربوں ڈالرز لگا کر مہنگا مواد تخلیق کر رہے ہیں، وہیں یوٹیوب نے صارفین کی بنائی گئی ویڈیوز اور پوڈکاسٹ کو بنیاد بنا کر دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ سلطنت قائم کر لی ہے۔ اعداد و شمار یہ بھی بتاتے ہیں کہ یوٹیوب پر دیکھی جانے والی 49 فیصد ویڈیوز 11 منٹ یا اس سے زیادہ طویل ہیں، جبکہ ٹی وی پر یوٹیوب دیکھنے کے 60 فیصد سیشنز آدھے گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت پر مشتمل ہوتے ہیں۔