یوپی: 15اگست تک 35کروڑ پودے لگانے کا نشانہ

   

لکھنؤ: اترپردیش حکومت نے آئندہ مانسون کی بارش کے سیزن کو دیکھتے ہوئے ریاست کو سرسبز و شاداب کرنے کیلئے اس مانسون میں 35کروڑ شجر کاری کا ہدف طئے کیا ہے ۔آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت اگلے ڈیڑھ مہینوں تک شجرکاری مہم چلائی جائے گی جس میں عوامی شراکت داری کو یقینی بناتے ہوئے ہر گاؤں میں 75درخت لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیر اعلی دفتر کی جانب سے موصول اطلاع کے مطابق ماحولیات جنگلات و محکمہ موسمیاتی تبدیلی کو 14کروڑ اور دیگر 25محکموں کو21کروڑ شجر لگانے کا ہدف دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر سماجی شراکت داری کو بڑھانے کیلئے مہم سے کسان، ٹیچر، طالب عل، این سی سی کیڈیٹس، گرام پنچایت، شہری فروغ کے ملازمین اور دیگر اداروں و سماجی کارکنوں کو جوڑ کر مہم چلائی جائے گی۔سرکاری اسکیم کے تحت 15اگست تک ریاست کے 58000گاؤں میں شجر کاری کرنے کا ہدف ہے ۔ اس مہم کے تحت ہر ایک گاؤں میں 75درخت لگائے جائیں گے ۔ محکمہ گرام وکاس کے ساتھ ملکر امرت سرور اور مذہبی مقامات پر بھی شجرکاری کی جائے گی۔ یوگی نے یہ بھی ہدایت دئیے ہیں کہ مہم کے تحت جو بھی درخت لگائے جائیں گے ان کے تحفظ اور رکھ رکھاؤ کا پورا دھیان رکھا جائے ۔ شجرکاری مہم کی نگرانی کیلئے تکنیک کا استعمال بھی کیا جائے ۔ شجرکاری مہم کیلئے حکومت کے پاس 45.63کروڑ پودے دستیاب ہیں۔وزیر اعلی یوگی نے افسران کو وقت مقررہ کے مطابق تیاری کرتے ہوئے سبھی متعلقہ محکموں کے ساتھ تال میل بناکر شجرکاری مہم کی کاروائی کو آگے بڑھانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہیکہ سبھی متعلقہ محکمے ،محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر اپنے ایکشن پلان پر تیزی سے کام شروع کریں۔ شجرکاری عوام تحریک۔2022 پروگرام کو کوویڈ پروٹوکول اور جسمانی فاصلے پر عمل کرتے ہوئے پورا کرایا جائے ۔