یوپی الیکشن میں ووٹوں کی کم سے کم تقسیم کی ضرورت پر زور

,

   

یقینی کامیابی والی نشستوں پر ہی توجہ اور دیگر پرعظیم اتحاد کیلئے اپیل کا مشورہ
صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی کے نام مولانا سجاد نعمانی کا کھلا مکتوب

حیدرآباد۔12 جنوری(سیاست نیوز) مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نقشبندی نے صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی کے نام ایک کھلا مکتوب جاری کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ریاست اترپردیش میں محض ان نشستوں پر مقابلہ کریں جہاں سے ان کے ارکان کی کامیابی یقینی ہے اور مابقی نشستوں پر عظیم اتحاد کے امیدواروں کی تائید کا اعلان کریں۔ مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے اسد الدین اویسی کے نام جاری کئے گئے کھلے مکتوب میں کہا کہ ملک کے مسلم دشمن اور فسطائیت کے علمبردار طبقہ کی اصل عوامی طاقت وہ لوگ ہیں جن کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہے ۔ انہو ںنے مکتوب میں کہا کہ جب یہ پسماندہ طبقات متحدہ طو رپر فسطائی طاقتوں کے خلاف کھڑے ہوجاتے ہیںتو ایسی صورت میں مسلم دشمن عناصر کو شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے۔ رکن ورکنگ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کے نام جاری کئے گئے مکتوب میں 11جنوری کو لکھنؤ میں ہونے والی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ظالم کے خلاف ووٹوں کی تقسیم کو کم سے کم کیا جائے۔ انہو ںنے کہا کہ گذشتہ یوم کی اطلاعات کے بعد ایسا محسوس ہورہا ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران اور بھی کچھ ہونے کے امکانات ہیں اسی لئے حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا سجاد نعمانی نے اسد الدین اویسی کی صلاحیتوں اور عزائم و حوصلہ کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے جذبات و احساسات کی قدر کرتے ہیںلیکن زمینی حقائق اور حالات کی بناء پر یہ تحریر جاری کر رہے ہیں۔انہو ںنے اپنی رائے اور جذبات کے درمیان موجود فرق کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رائے ان کے اپنے جذبات سے مطابقت نہیں رکھتی لیکن مسلم قیادت اور سیاسی طاقت کے لئے کام کا آغاز 40تا50 پہلے اگر شروع ہوا ہوتا تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ مولانا نعمانی صدر مجلس کے نام جاری کردہ مکتوب میں ان سے گذارش کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ان نشستوں پر مقابلہ کریں جن پر کامیابی یقینی ہو اور مابقی نشستوں پر گٹھ بندھن کے حق میں رائے دہندوں سے اپیل کردیں تو ایسی صورت میں ان کی مقبولیت اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔مولاناخلیل الرحمن سجاد نعمانی نے مکتوب میں کہا کہ صدر مجلس ان کے ان مشوروں پر عمل کرتے ہیں اور انتخابات کے فوری بعد اصل نصب العین کے لئے فوری طور پر کاروائی شروع کی جاسکتی ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہونے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے مکتوب کے آخر میں کہا کہ وہ یہ گذارشات ملک وملت کی خیر خواہی کے جذبے تحت کررہے ہیں۔م