یوپی : مذہبی اجتماع ستسنگ میں خوفناک بھگدڑ، 116 افراد ہلاک

,

   

مہلوکین میں زیادہ تر خواتین، کھچا کھچ ستسنگ میں دم گھٹنے سے لوگ بے چین ہوکر اِدھر اُدھر بھاگنے لگے

ہاتھرس(یوپی) : اترپردیش کے ضلع ہاتھرس کے سکندراراؤ علاقے میں منگل کو ایک ستسنگ پروگرام کے دوران خوفناک بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجہ میں درجنوں خواتین اور بچوں کے بشمول 107 افراد ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ 18دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا دواخانوں میں علاج جاری ہے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مشہور مذہبی پرچارک بھولے بابا ضلع ہاتھرس کے سکندر راؤ علاقہ میں موضع رتی بھن پور میں خصوصی طور پر تیار کئے گئے بڑے خیمے میں اپنے بھکتوں سے خطاب کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ظاہر طور پر یہی معلوم ہوتا ہے کہ ستسنگ کے مقام پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور شدید گرمی کے موسم میں اُن کا دم گھٹنے لگا۔ بے چین لوگ کھلی ہوا پانے کیلئے اِدھر اُدھر دوڑنے لگے۔ انسپکٹر جنرل (علی گڑھ رینج) شلبھ ماتھر نے کہاکہ منگل کی دوپہر کیلئے ایٹا اور ضلع ہاتھرس کی سرحد پر واقع اِس مقام پر ستسنگ کے انعقاد کی اجازت دی گئی تھی۔ بعض مہلوکین کی شناخت ہوئی ہے جبکہ کئی دیگر کو مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے۔ ایٹا کے سینئر ایس پی اور چیف میڈیکل افسر نے دو درجن سے زائد لاشوں کے یہاں پہنچنے کی تصدیق کی ہے ۔ ایٹا کے سینئر ایس پی راجیش کمار سنگھ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ پڑوسی ضلع ہاتھرس میں بھگوان شیو کے ستسنگ پروگرام کے دوران بھگدڑ مچنے سے 116 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے جن کی لاشیں یہاں میڈیکل کالج بھیجی جارہی ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں دو درجن سے زیادہ لاشیں پہنچی ہیں جس میں زیادہ تر خواتین اوربچے ہیں جن کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سے زیادہ کی جانکاری انہیں نہیں ہے ۔اس درمیان چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے ہاتھرس کے حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے مہلوکین کے مغموم اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے زخمیوں کو فورا ضلع اسپتال پہنچا کر ضلع انتظامیہ کے افسران کو ان کے مکمل علاج کی ہدایت دی ہے ۔
لواحقین کو دو ،دو لاکھ روپے دینے کا اعلان
دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر یوگی سے فون پر بات کی اور راحت رسانی کاموں کی جانکاری حاصل کی۔وزیراعظم نے بھگدڑ میں مرنے والوں کے لواحقین کو دو ، دو لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کو فی کس 50 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔وزیر اعظم کے دفتر نے ڈیجیٹل انفارمیشن پلیٹ فارم پر کہا کہ وزیراعظم نے ہاتھرس حادثہ میں مرنے والوں کے لواحقین کو وزیراعظم کے قومی راحت فنڈ سے دو لاکھ روپے ایکس گریشیا رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔