نئی دہلی : سپریم کورٹ نے جمعہ کو واضح کر دیا کہ اتر پردیش حکومت کو کانوڑ یاترا سے متعلق اپنے فیصلے پر عمل درآمد کی اجازت نہیں ہو گی ۔ جسٹس روہنگٹن ایف نریمن اور جسٹس بی آر گوائی کی بینچ نے کہا کہ کووڈ وبا کے پیش نظر ریاستی حکومت کو کانوڑ یاترا سے متعلق حکم پر عمل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ ریاستی حکومت اپنے فیصلے پرنظر ثانی کرے اور پیر تک بینچ کو معلومات فراہم کرائے ۔سماعت کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سالیسیٹر جنرل تشارمہتا نے عدالت کو بتایا کہ کوروناوبا کے پیش نظر مرکزی حکومت اس طرح کی یاترا کی اجازت نہیں دیتی ہے ، اس پرعدالت نے اتر پردیش حکومت کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے سینئر ایڈووکیٹ سی ایس ویدیاناتھن سے کہا کہ مرکز کے اس تبصرے کے بعد ریاستی سرکار کانوڑ یاترا کی اجازت نہیں دے سکتی ہے ۔مسٹر ویدیاناتھن نے عدالت سے اس معاملے پر غور کرنے کی درخواست کی ، لیکن جسٹس نریمن نے کہا کہ یا تو ہم براہ راست احکامات جاری کریں گے یا آپ کو ایک اور موقع دیں گے تاکہ آپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرسکیں ۔بعد میں عدالت نے ریاستی حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور پیر تک اسے معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت کانوڑ یاترا کے اپنے فیصلے پرعمل درآمد نہیں کرسکے گی عدالت نے اترپردیش حکومت کے اس فیصلے پراز خود نوٹس لیتے ہوئے بدھ کے روز نوٹس جاری کیا تھا۔