یوپی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد ہوگا: اکھلیش یادو

   

لکھنو: سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے آج کانگریس کے ساتھ اتحاد پر بڑا بیان دیا ہے۔ اس سے قبل سماج وادی پارٹی نے ضمنی انتخاب کے لئے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کی تو سیاسی ہلچل تیز ہوگئی تھی۔ کانگریس نے کہا کہ ابھی تک اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔کانگریس کے اس بیان نے سیاست کو نیا رنگ دیا، جس کے بعد ہر طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں لیکن اب ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے ان سوالوں کا جواب دیا ہے جن پر پچھلے 24 گھنٹوں سے تجسس تھا۔ اکھلیش یادو سے جب ہریانہ میں کانگریس کی شکست کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بڑے صاف لہجے میں کہا کہ وہ آج اس موضوع پر کچھ نہیں کہیں گے۔ اس معاملہ پر بات کرنے کے لئے آج کا دن مناسب نہیں۔ جب ایس پی سربراہ سے ضمنی انتخاب کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے تھوڑا کھل کر جواب دیا۔ کانگریس کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم اور اس کے امیدواروں کے اعلان پر انہوں نے کہا کہ آج کہنے کو بہت کچھ نہیں ہے لیکن ہاں، یوپی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد ہوگا۔ اترپردیش کی 10 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔