یوپی کابینہ کا کمبھ میلہ کے بعد اجلاس

   

الہ آباد ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر یوپی یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے تمام سینئر وزراء کے ساتھ سنگم میں ڈبکی لگائی اور اس کے بعد کابینہ کا منفرد اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس میں بی جے پی زیرقیادت حکومت نے متنازعہ گنگا ایکسپریس وے کی منظوری دی جو الہ آباد کو مغربی یوپی سے مربوط کرے گا۔ ریاستی حکومت نے کہا کہ اس کی لاگت 36 ہزار کروڑ روپئے ہوگی اور یہ دنیا کا طویل ترین ایکسپریس وے ہوگا۔ ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریا نے کہا کہ تمام کابینی وزراء اور بعض جونیر وزراء اور سادھو کمبھ میلے کے موقع پر ڈبکی لگانے میں شریک تھے، بشمول چیف منسٹر 25 کابینی وزراء تھے اور بعض وزرائے مملکت بھی تھے۔ وزراء نے لکھنؤ سے ڈبکی لگانے کیلئے الہ آباد کا سفر کیاتھا اور کابینہ کا اجلاس باقاعدہ وقفوں کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ وسیع و عریض کمبھ میلہ کے مقام پر ایک متحدہ ’’کنٹرول و کمان مرکز ‘‘ قائم کیا گیا تھا۔