یوکرین میں ہم پانچ دن تک تہہ خانے میں بند رہے ، طالبہ کے تاثرات

, ,

   

اگرتلہ ۔ تریپورہ کی ایک ایم بی بی ایس کی طالبہ 50 دیگر افراد کے ساتھ یوکرین میں کرایہ کے مکان کے تہہ خانے میں پانچ دن تک پھنسی رہی، اس کے بعد وہ پولینڈ کے لیے 30 کلومیٹر کے سفر پر روانہ ہوئی جہاں سے اسے ہندوستان لایا گیا ہے ۔ روس کے حملے کے بعد سے اب تک یوکرین میں پھنسے تریپورہ کے 27 طلبہ کو ‘آپریشن گنگا’ کے تحت پولینڈ ، رومانیہ اور ہنگری سے نکالا گیا ہے ۔ تریپورہ بھون نئی دہلی کے حکام کو غازی آباد، اتر پردیش میں اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ہِنڈن ایئر فورس اسٹیشن پر طلبہ کا استقبال کرنے کے لیے تعینیات کیا گیا ہے ۔ یوکرین سے واپس آنے والے زیادہ تر لوگوں کو تریپورہ بھون لایا گیا ہے ، جہاں سے انھیں گھر بھیجا جا رہا ہے ۔ دہلی تریپورہ بھون کے ایک افسرنے کہا، ‘طلبہ نے بغیر کسی نقد اور سامان کے یوکرین کی جغرافیائی سرحد کو عبور کرنے کے لیے طویل مسافت طے کی۔ ان میں سے ہر ایک نے کم از کم چار دن تک تکلیف میں سفر کیا لہذا، ہم انھیں اپنی دو عمارتوں میں لا رہے ہیں اور انھیں ان کے والدین کے پاس واپس بھیجنے سے پہلے ان کی فوری ضروریات کا خیال رکھ رہے ہیں۔ یوکرین کے خارکیف میں ایک میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس کی طالبہ اکانکشا بَھومک جمعہ کی رات تریپورہ بھون پہنچی۔ اپنے ہولناک تجربے کو شیئر کرتے ہوئے ، اکانکشا نے یو این آئی کو بتایا کہ وہ 50 دیگر لوگوں کے ساتھ اپنی کرائے کی عمارت کے تہہ خانے میں پانچ دنوں سے پھنسی ہوئی تھی۔