اسلام آباد : پاکستان کے دفتر خارجہ نے ان رپورٹوں کو ’من گھڑت‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کے لیے اسلام آباد نے یوکرین کو ہتھیار فروخت کیے۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی ہے ، جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بیل آؤٹ پیکج حاصل کرنے کے بدلے میں یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ اس مسئلے پر اس کی غیر جانبداری کی پالیسی برقرار ہے۔ اسلام آباد کی جانب سے یہ بیان ایک امریکی اشاعتی ادارے ’دی انٹرسیپٹ‘ کی اس رپورٹ کے بعد آیا ہے، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کو محفوظ بنانے کے لیے امریکہ کے راستے سے یوکرین کو ہتھیار فراہم کیے تھے۔ ’دی انٹرسیپٹ‘ نے اپنے دعوے کی حمایت میں ایسے دو ذرائع کا حوالہ بھی دیا، جو بقول اس کے اس معاملہ سے آگاہ تھے اور لکھا کہ پاکستانی اور امریکی حکومتوں کی داخلی دستاویزات بھی اس کی تصدیق کرتی ہیں۔