یوکرین کی نیٹو میں شمولیت تمام شرائط پوری کرنے کے بعد ہی ہوگی: اسٹولن برگ

   

Ferty9 Clinic

برسلز: نیٹو کے سیکریٹری جنرل یینزاسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ نیٹو کے رکن ممالک نے یوکرین کو نیٹو میں شامل کر لینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے تاہم ایسا تب کیا جائے گا جب اتحاد کے تمام ارکان اس پرمتفق ہوں گے اورتمام شرائط پوری کرلی جائیں۔ اس سے پہلے یو کرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے یو کرین کی نیٹو میں شمولیت کا ٹائم ٹیبل طے نہ کرنے پر نیٹو اتحاد پر شدید نکتہ چینی کی تھی اوراسے فضول بات قرار دیا تھا۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم دوبارہ یقین دہانی کرواتے ہیں کہ یو کرین نیٹو کا رکن بنے گا اورہم اس پر بھی رضامند ہیں کہ اس سلسلے میں لائحہ عمل کی شرط بھی ختم کردی جائے گی جو نیٹو میں رکنیت حاصل کرنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا،اس سے یو کرین کے لیے نیٹو میں شمولیت کے دو ضروری مراحل میں سے صرف ایک باقی رہ جائے گا۔ اگرچہ نیٹو کے بیشتررکن ممالک یو کرین کو اسلحہ اورگولہ بارود فراہم کر رہے ہیں مگر ان 31 ممالک میں سے تمام یوکرین کو نیٹو کا رکن بنانے پر متفق نہیں ہیں۔ اتحاد کے لیڈروں نے یو کرین کی نیٹو میں شمولیت کی راہ میں حائل بعض رکاوٹوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ روس سے جنگ ختم ہوتے ہی اسے فوری طور پر نیٹو میں شامل کر لیا جائے۔