کیف ۔ 21 جون (ایجنسیز) یوکرین کے دو شہروں اوڈیسا اور خارکیف پر رات کو کیے گئے روسی ڈرون حملوں میں کم از کم ایک شخص کی ہلاکت اور دو لڑکیوں سمیت 20 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ 20 جون کو روس اور یوکرین کے مابین جنگی قیدیوں کا تبادلہ بھی ہوا۔دارالحکومت کیف سے موصولہ خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ رات روس کی جانب سے 20 سے زائد ڈرون حملوں میں جنوبی یوکرینی بندرگاہی شہر اوڈیسا اور شمال مشرقی شہر خارکیف کو نشانہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق یہ ڈرونز اپارٹمنٹ بلاکس سے ٹکرائے۔ یوکرینی صدر نے کہا کہ روسی ڈرون حملوں میں قریب دو درجن شہری زخمی ہوئے جن میں ایک 17 برس کی اور ایک 12 سال کی لڑکی بھی شامل ہیں۔ ایمرجنسی سروسز یا ہنگامی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کی طرف سے فائر فائٹرز، یعنی آگ بجھانے والے عملے کی تصاویر شائع کی گئی ہیں جو نائٹ سوٹ میں ملبوس ایک خاتون کو آگ میں لپٹی ایک عمارت کی کھڑکی کے ذریعہ باہر نکلنے میں مدد فراہم کر رہے تھے۔