کیف : یوکرین میں ایک شہری نے انکشاف کیا ہے کہ اسے ٹویٹر پر زیر گردش تصاویر میں پہچاننے کے بعد دارالحکومت کیف کے نزدیک اپنی بیوی اور دو بچوں کی ہلاکت کا پتہ چلا۔اس حوالے سے یوکرینی شہری سیرھے پیربنس نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ “میں نے تصاویر میں سامان کو پہچانا اور پھر مجھے پیش آنے والے واقعے کا ادراک ہوا”۔ اخبار کے مطابق سیرھے اپنی بیمار والدہ کی مدد کے لیے مشرقی یوکرین میں موجود تھا۔ اسی دوران میں سیرھے کی بیوی نے گذشتہ ہفتے کیف کے نزدیک علاقے میں اپنے فلیٹ پر روسی بم باری کے بعد دونوں بچوں کو لے کر فرار ہونے کا فیصلہ کیا۔ سیرھے کے مطابق گذشتہ اتوار کے روز اس کے بیوی بچے لوگوں کے ایک گروپ کے ساتھ گھر سے فرار ہوئے مگر ان سے 12 میٹر کی دوری پر ایک مارٹر گولہ پھٹا۔ گولے کے ٹکڑے لگنے سے سیرھے کی بیوی اور بچے ہلاک ہو گئے۔ ان کی موت کے چند گھنٹے بعد ہلاک شدگان کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش میں آئی۔