ملبورن،21 جنوری (یو این آئی ) ہندوستان کے ٹاپ رینکڈ ڈبلز کھلاڑی یوکی بھامبری اور ان کے سویڈش ساتھی آندرے گورانسن نے آسٹریلین اوپن 2026 کے مینز ڈبلز ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔یہاں کھیلے گئے میچ میں 10 ویں سیڈڈ یوکی بھامبری اور آندرے گورانسن کی جوڑی نے مقامی وائلڈ کارڈ انٹری یافتہ جوڑی جیمز ڈکورتھ اور کروز ہیوٹ کو راست سیٹس میں6-3 اور 6-4 سے شکست دی۔ ہند۔ سویڈش جوڑی نے یہ مقابلہ محض 57 منٹ میں اپنے نام کیا۔ یوکی اور گورانسن نے پورے میچ میں اپنی سروس پر مکمل گرفت رکھی۔ پہلے سیٹ میں انہوں نے اپنے پانچ میں سے چار سروس گیمز جیتے ۔ حریف جوڑی میں سابق عالمی نمبر ون لیٹن ہیوٹ کے بیٹے کروز ہیوٹ شامل تھے ، تاہم وہ ہندوستانی جوڑی کے تجربے کا مقابلہ نہ کر سکے ۔دوسرے راؤنڈ میں بھامبری اور گورانسن کا مقابلہ میکسیکو کے سینٹیاگو گونزالیز اور نیدرلینڈز کے ڈیوڈ پیل کی جوڑی یا برازیل کی مارسیلو میلو اور فرنینڈو رومبولی کی جوڑی میں سے کسی ایک فاتح سے ہوگا۔مینز ڈبلز کے ساتھ ساتھ یوکی بھامبری مکسڈ ڈبلز میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ وہ امریکہ کی سابق ومبلڈن چمپئن نکول میلیچر مارٹنیز کے ساتھ جوڑی بنائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں ان کا مقابلہ چین کی ژانگ شوائی اور جرمنی کے ٹم پٹز کی مضبوط جوڑی سے ہوگااور اس مقابلے کیلئے وہ پرعزم ہے ۔