کمپالا ۔ یوگانڈا کے صدر یوویری موسوینی نے فوج کو انتیبے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے جانے والے مسافروں کی کووڈ 19 جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ مسٹر موسوینی نے جمعہ کو کہا کہ فوج کی میڈیکل برانچ کو ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والے مسافروں کی اسکریننگ کرنی چاہیے ۔ وزارت صحت کی جانب سے فرضی کووڈ۔ 19 رپورٹ جاری کرنے کے الزام میں ایک نجی صحت مرکز کو معطل کرنے کے دو ہفتوں بعدصدر نے یہ قدم اٹھایا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کووڈ کیسز میں کمی کے بعد 42 دن کے لاک ڈاؤن میں نرمی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو دوبارہ شروع کیا گیا ہے لیکن کووڈ پر قابو پانے کے اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جلسے ، اسکول اور عبادت گاہیں بند رہیں گی۔یوگانڈا کی وزارت صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک میں اب تک 93675 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 81992 لوگ اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں اور 2661 افراد کی اموت ہوئی ہیں۔