یوگی حکومت کے اشتہار میں کولکاتا کی تصویر!

   

لکھنو: یوگی حکومت کے ایک اشتہار کے حوالہ سے اپوزیشن نے شدید تنقید کی ہے۔ انگریزی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ میں شائع اشتہار میں جن تصاویر کا استعمال کیا گیا ہے وہ مغربی بنگال کے کولکاتا سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس معاملہ پر ٹی ایم سی، سماجوادی پارٹی و دیگر نے بی جے پی پر طنز کیا ہے۔ٹی ایم سی نے اتر پردیش اور بی جے پی کے وکاس (ترقی) کے دعوؤں کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے سیاسی ہنگامہ شروع کر دیا ہے۔ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ اور ممتا بنرجی کے بھتیجے نے یوگی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کیلئے یوپی کو بدلنے کا مطلب ممتا بنرجی کی قیادت میں بنگال میں کئے گئے بنیادی ڈھانچہ سے تصاویر کو چوری کرنا اور انہیں اپنے اشتہار میں استعمال کرنا ہے۔