یوگی سرکار کی بلڈوزر کارروائی کے خلاف جمعیۃ علما ہند نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی

   

نئی دہلی: اتر پردیش میں مظاہرین کے خلاف ہورہی بلڈوزر کارروائی  کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے کیوں کہ جمعیت علما ہند مولانا ارشد مدنی گروپ کی جانب سے اس معاملہ کو لے کر سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے اور بلڈوزر کارروائی پر روک لگانے  کی درخواست کی گئی ہے ۔ جمعیت کی جانب سے جاری کئے گئے پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر جمعیۃ علما ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر داخل پٹیشن میں جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی مدعی بنے ہیں۔اس ضمن میں کل جمعیۃ علماء ہند نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں دو عبوری درخواستیں داخل کی ہیں، یہ درخواستیں جہانگیر پوری، کھرگون معاملے میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت پٹیشن میں داخل کی گئی ہیں، اس پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے 21/ اپریل 2022 کو ریاست اترپردیش سمیت مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ، گجرات اور دہلی کو نوٹس جاری کیا تھا اور بلڈوزر کے ذریعہ کی جانے والی انہدامی کارروائی پر جواب طلب کیا تھا۔