لکھنؤ۔ 21 فروری (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ 22 فروری سے سنگاپور اور جاپان کے اہم دورے پر روانہ ہوں گے ۔ یہ دورہ ریاست کے ٹرانسپورٹ ڈھانچے کی جدیدکاری، سرمایہ کاری کے حصول اور جدید ریل ٹیکنالوجی کے مطالعہ کے حوالے سے نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے ترقیاتی ماڈل، شہری منصوبہ بندی اور عوامی نقل و حمل کے نظام کا گہرائی سے جائزہ لیں گے ۔ خصوصاً جاپان میں وہ ہائی اسپیڈ ریل اور میگ لیو ٹیکنالوجی کا براہِ راست تجربہ حاصل کریں گے ۔ جاپان میں قیام کے دوران وزیر اعلیٰ میگ لیو ٹرین کی 100 کلومیٹر کی ٹیسٹنگ کے سفر میں حصہ لیں گے ۔ یہ ٹرین مقناطیسی قوت کی مدد سے پٹری سے اوپر معلق ہو کر چلتی ہے اور نہایت تیز رفتاری سے سفر کرتی ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس ٹیسٹ کے دوران ٹرین کی رفتار 600 کلومیٹر فی گھنٹہ تک دکھائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے مطالعے سے اتر پردیش میں مستقبل کی تیز رفتار ریل منصوبوں اور علاقائی ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کی ترقی میں مدد مل سکتی ہے ۔ دورے کے پہلے مرحلے میں وزیر اعلیٰ سنگاپور پہنچیں گے جہاں وہ شہری ٹرانسپورٹ نظام، اسمارٹ سٹی منصوبوں اور جدید ٹرانزٹ نیٹ ورک کا مشاہدہ کریں گے ۔ سنگاپور کے عوامی نقل و حمل کے نظام، ٹریفک مینجمنٹ اور ٹیکنالوجی پر مبنی شہری منصوبہ بندی کو دنیا بھر میں ایک مثالی ماڈل سمجھا جاتا ہے ۔