یوگی کے رام راجیہ ریمارکس پر اکھلیش کی تنقید

   

لکھنؤ 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے جمعہ کو اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے ریمارکس پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جن میں اُنھوں نے کہا تھا کہ ملک کو سماج وادی کی نہیں بلکہ رام راجیہ کی ضرورت ہے۔ اکھلیش نے کہاکہ آدتیہ ناتھ کے ریمارکس دستور کے بنیادی اُصول کے مغائر ہیں۔ ایس پی کے سربراہ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہاکہ ’مکھیہ جی نے کہا ہے کہ ملک کو سوشلزم کی ضرورت نہیں ہے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ دستور کے بنیادی مقصد و منشاء کے ہی خلاف ہیں۔ وہ غریبوں کے ساتھ نہیں بلکہ دولتمند اور سرمایہ داروں کے ساتھ ہیں۔ وہ (یوگی) نظرانداز شدہ طبقات کو سماجی مساوات کی فراہمی کے مخالف ہیں‘۔