ہر ٹاؤن اور گاؤں میں کورونا اور موسمی امراض کی روک تھام کے اقدامات
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کے تمام ٹاؤنس اور مواضعات میں یکم تا 8 جون کلین اینڈ گرین پروگرام منعقد کریں جس کے تحت سرسبزی و شادابی میں اضافہ اور صحت و صفائی کے انتظامات پر توجہ دی جائے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام تر احتیاطی قدم اٹھائیں۔ خاص طور پر مانسون سیزن میں وبائی اور موسمی امراض کی روک تھام پر توجہ مرکوز کی جائے۔ چیف منسٹر نے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ، پرنسپال سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار، کمشنر میونسپل ایڈمنسٹریشن ستیہ نارائنا، کمشنر پنچایت راج رگھونندن اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے گرینری اور صفائی کے سلسلہ میں ٹاؤنس اور مواضعات میں 8 دنوں کے دوران کئے جانے والے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ اس مہم کے دوران ڈرینج ، سیوریج کی صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ بارش کا پانی باآسانی بہہ جائے۔ سڑکوں پر گڑھوں کو فوری بند کیا جائے تاکہ بارش کا پانی جمع نہ ہو اور حادثات سے بچا جاسکے۔ سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کی صورت میں کئی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ پینے کے پانی کی پائپ لائنس میں لکیجس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں درست کریں۔ کسی بھی صورت میں پینے کا پانی آلودہ نہ ہونے پائے۔ اوورہیڈ ٹینکس، انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس ، سمنٹ ٹینکس، میٹل ڈرمس اور پانی کے دیگر ذخائر میں مچھروں کی افزائش کو روکنے اقدامات کئے جائیں۔ شہری علاقوں میں مچھرکش ادویات کے چھڑکاؤ کی ہدایت دی گئی۔ مچھروں کی افزائش کو روکنے کے علاوہ موجودہ مچھروں کے خاتمہ کیلئے اسپرے چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سوڈیم ہائیپو کلورائیڈ کا تمام بس اسٹینڈز، مارکٹس، اسکولس، ہاسپٹلس اور راشن شاپس کے اطراف چھڑکاؤ کیا جائے۔
