یکم جولائی سے جگن کا ’ پرجا دربار ‘ پروگرام

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر اے پی ہر روز ایک گھنٹہ عوام سے ملاقات کریں گے
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نظم ونسق کو بہتر انداز میں چلانے اپنے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے نقش قدم پر گامزن ہوتے ہوئے یکم جولائی سے ’ پرجا دربار پروگرام ‘ شروع کرینگے ۔ چیف جگن موہن ریڈی کے کیمپ آفس تاڑے پلی میں ہر روز پرجا دربار پروگرام ہوگا ۔ اس کے ذریعہ جگن موہن ریڈی ہر دن ایک گھنٹہ عوام سے ملاقات کر کے انہیں درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کر کے برسر موقع مسائل کی یکسوئی کی کوشش کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر سکریٹریٹ کے عہدیداروں نے یکم جولائی سے ’پرجا دربار پروگرام ‘ کے سلسلہ میں ضروری انتظامات مکمل کیے ہیں ۔ علاوہ ازیں پرجا دربار پروگرام کے ساتھ ریاست کے تمام دفاتر میں ’ اسپندنا ‘ پروگرام منظم کرنے کلکٹروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے ذریعہ ہر پیر کو ریاست کے تمام سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل سے متعلق سماعت کرکے یادداشتیں حاصل کر کے ان کی یکسوئی کی کوشش کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں ’ اسپندنا ‘ پروگرام کا بھی یکم جولائی سے آغاز کیا جائے گا ۔ تمام ضلع کلکٹروں کی جانب سے دیگر محکمہ جات کے حکام کو بھی اسپندنا پروگرام کے کامیاب انعقاد کیلئے اقدامات کی ہدایات دی گئی ہیں ۔