یکم جولائی سے کے جی تا پی جی صرف آن لائین کلاسس

   

حکومت کا فیصلہ ، خانگی اسکولس صرف ماہانہ ٹیوشن فیس وصول کریں ۔ وزیر تعلیم کا بیان
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے کورونا کی صورتحال اور طلبہ کی صحت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کے جی تا پی جی آن لائین کلاسس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔کوئی فزیکل کلاسیس نہیں ہونگی ۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا ۔ یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کی کشادگی اور دیگر امور پر غور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے طلبہ کی صحت کو پیش نظر رکھتے ہوئے آن لائین کلاسس جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یکم جولائی سے کے جی تا پی جی طلبہ کیلئے آن لائین کلاسس کا اہتمام کیا جائیگا اور طلبا کیلئے فزیکل کلاسیس کا انعقاد عمل میں نہیں لایا جائیگا ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ آن لائین کلاسیس کا دور درشن اور T-SAT چینلس کے ذریعہ اسکولس اور انٹرمیڈیٹ طلبا کیلئے ٹیلیکاسٹ کیا جائیگا ۔ وزیر موصوف نے ادعا کیا کہ دوردرشن اور T-SAT کے ذریعہ آن لائین کلاسیس منعقد کرنے ریاستی حکومت کے فیصلے کی مرکز نے ستائش کی ہے ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ سیٹ مسابقتی امتحانات کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ سابق میں اعلان کردہ تاریخوں کے مطابق مسابقتی امتحانات منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک تعلیم کے غرض سے جانے والے طلبہ کیلئے جولائی میں امتحانات منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امتحانات منسوخ نہیں ہوں گے ۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ 50 فیصد اساتذہ یکم جولائی سے اسکولوں میں حاضر رہیں گے ۔ ایک دن کے وقفہ سے ٹیچرس اپنی خدمات انجام دیں گے ۔ اس سلسلہ میں احکامات جلد جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خانگی اسکولوں کیلئے جی او 46 پر عمل آوری لازمی رہے گی ۔ اسکولوں کو طلبہ سے صرف ٹیوشن فیس وصول کرنا ہوگا جو ماہانہ اساس پر حاصل کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ اسکولوں کی جانب سے مکمل فیس کی ادائیگی کیلئے سرپرستوں پر دباؤ کی شکایت کے بعد حکومت نے جاریہ تعلیمی سال جی او 46 پر عمل آوری کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ حکومت اس سلسلہ میں علحدہ احکامات جاری کرے گی۔