یہ آئین کو بچانے کی لڑائی ہے، جسے کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی: راہول

,

   

پریاگ راج میںاکھلیش یادو کے ساتھ ریالی سے خطاب‘ عوام سے کئی وعدے
پریاگ راج:کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اتر پردیش کے الہ آباد (پریاگ راج) میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر سخت تنقید کی۔ اس دوران اسٹیج پر ان کے ساتھ ریاست کے سابق چیف منسٹر اور سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو بھی موجود تھے۔ راہول گاندھی نے اس موقع پر کہا کہ یہ آئین کو بچانے کی لڑائی ہے اور کوئی طاقت آئین کو تباہ نہیں کر سکتی۔ راہول گاندھی نے فوج میں بھرتی کے پرانے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کی بات کہی اور کہا کہ ہم اگنی ویر اسکیم کو کوڑے دان میں پھینک دیں گے اور انہیں مستقل ملازمتیں دیں گے۔ ہم غریبوں اور بیروزگاروں کے اکاؤنٹ میں کھٹاکھٹ پیسے ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ مسلسل آئین پر حملہ کر رہے ہیں لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی طاقت آئین کو تباہ نہیں کر سکتی۔ بی جے پی اور نریندر مودی نے صرف اپنے صنعتکار دوستوں کے لیے کام کیا ہے لیکن اگر ہماری حکومت آئی تو ہم غریبوں کے لیے کام کریں گے۔مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مودی نے 22 لوگوں کو ارب پتی بنا دیا ہے تو اب ہم کروڑوں کو کروڑ پتی بنانے جا رہے ہیں۔ ہم ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کے اکاؤنٹ میں ہر سال ایک لاکھ روپے جمع کریں گے۔ ہماری انڈیا الائنس کی حکومت کسانوں کو ایم ایس پی کی قانونی گارنٹی دے گی اور کسانوں کے قرض معاف کرے گی۔ کانگریس کے منشور کی ’پہلی نوکری پکی‘ کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ انڈیا الائنس کی حکومت ہر تعلیم یافتہ نوجوان کی پہلی نوکری پکی کرے گی۔ اس میں اسے ایک سال کی اپرنٹس شپ کا حق ملے گا اور ایک لاکھ روپے سالانہ ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج مزدوروں کو 250 روپے ملتے ہیں لیکن ہم منریگا کے تحت 400 روپے یومیہ مزدوری دیں گے۔ اسی کے ساتھ آشا و آنگن واڑی ورکرس کو دوگنی تنخواہ دیں گے۔