نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے جمعہ کو مودی کنیت کیس میں راہل گاندھی کی سزا پر روک لگانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے انصاف کی جیت قرار دیا اور کہا کہ کوئی بھی طاقت لوگوں کی آواز کو خاموش نہیں کرسکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے کانگریس کے سابق صدر، راہل گاندھی اب لوک سبھا میں جاری مانسون اجلاس میں شرکت کر سکیں گے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد قومی دارالحکومت دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں کارکنوں نے جشن بھی منایا۔ اس کے علاوہ پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر اس فیصلے کا خیر مقدم بھی کیا ہے۔