یہ میری بہترین اننگز رہی : ہٹ مائر

   

چینائی 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بیٹسمن شیمرون ہٹ مائر جنھوں نے گزشتہ رات چینائی میں منعقدہ مقابلہ میں ہندوستان کے خلاف 139 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا اور وہ اِس اننگز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ اِن کے کیرئیر کی ایک بہترین اننگز ہے۔ اپنی اننگز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہٹ مائر نے کہاکہ یہاں ہندوستان کے خلاف ایک بڑے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے سنچری اسکور کرنا کافی خوشی کا لمحہ تھا۔ ہٹ مائر جب 39 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے تو اُس وقت ویسٹ انڈیز ٹیم کا اسکور ایک وکٹ پر 218 رنز رہا۔ بعدازاں اوپنر شائے ہوپ نے ناقابل تسخیر 102 رنز کی اننگز کھیلی۔ جس وقت ہٹ مائر آؤٹ ہوئے اُس وقت مہمان ٹیم کو کامیابی کے لئے 11.2 اوورس میں 59 رنز درکار تھے اور اِس کی 8 وکٹیں محفوظ تھیں۔ بعدازاں نیکولاس پورن نے 29 رنز اسکور کرتے ہوئے 13 گیندیں قبل ہی مطلوبہ نشانہ 288 رنز حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کی کامیابی میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ہٹ مائر نے کہاکہ یہ میرے بین الاقوامی کیرئیر کا اعظم ترین انفرادی اسکور ہے اور اِس لئے یہ بہترین اننگز ہونے کے علاوہ مطلوبہ نشانہ کے تعاقب میں کامیابی کی بنیاد رکھنے والا مظاہرہ رہا۔ ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والی اننگز پر ہٹ مائر مسرور تو ہیں لیکن اُنھوں نے اِس مایوسی کا بھی اظہار کیاکہ وہ ٹیم کو کامیابی دلوانے والے رنز اسکور کرنے تک وکٹ پر موجود نہ رہ پائے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ہوپ کے ساتھ بیاٹنگ بھی آسان رہی کیوں کہ ہم دونوں کے درمیان بہتر تال میل ہے۔ ہم نے نشانہ کے تعاقب میں آسان طرز رسائی اختیار کی اور یہ کامیاب بھی ہوئی کیوں کہ ہم طویل عرصہ سے ایک دوسرے کے ساتھ کھیل رہے ہیں جس کا یہاں بھی ہمیں فائدہ ہوا۔ جہاں باؤنڈری کی گیند ملی ہم نے تیز رنز اسکور کئے اور جہاں سنگلز لینے کی ضرورت پڑی وہاں محتاط رہے۔