8 روزہ یاگم کے ذریعہ افتتاحی پروگرام، چیف منسٹر کے سی آر نے ایک کیلو سونا بھینٹ کیا
حیدرآباد۔/20-اکٹوبر،( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 1000 کروڑ کے قرض سے یادادری مندر کی ترقی اور تزئین نو کے کاموں کی تیزی سے تکمیل کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی اور اعلان کیا کہ تزئین نو کے بعد یادادری ٹمپل کامپلکس کا 28 مارچ 2022 کو افتتاح عمل میں آئے گا۔ چیف منسٹر نے مندر کے افتتاح کے موقع پر بڑے پیمانے پر یاگم کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ کے سی آر نے ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ 7 گھنٹوں تک مندر کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 21 مارچ سے 8 روزہ مہا سدرشنا ہومم کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے نامور ویدک پنڈت شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر نے مندر کیلئے ایک کیلو 16 تولے سونا اپنے ارکان خاندان کی جانب سے بطور نذرانہ پیش کیا۔ چیف منسٹر نے تروملا تروپتی دیواستھانم کی طرز پر مندر کے اندرونی حصہ کو جسے ویمانا گوپورم کہا جاتا ہے اسے سونے کا پانی چڑھانے کیلئے عوام سے سونا بطور عطیہ دینے کی اپیل کی ہے۔ اس کام کیلئے 125 کیلو سونا درکار ہے جس کی مالیت تقریباً 65 کروڑ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس نیک کام میں شراکت داری کا موقع فراہم کرنے کیلئے عطیات وصول کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 6000 سے زائد ویدک پنڈت اور 4000 معاونین مہا سدرشن ہومم میں حصہ لیں گے۔ چنا جیر سوامی کی نگرانی میں یہ یاگم انجام دیا جائے گا۔ کے سی آر نے چنا جیر سوامی سے مندر کے افتتاح کیلئے مہورت طئے کرنے کی خواہش کی تھی اور انہوں نے 28 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے اور چنا جیر سوامی کے ہاتھ سے لکھا ہوا مہورت نامہ چیف منسٹر نے مندر کے حکام کو حوالے کیا۔ چیف منسٹر نے قبل ازیں ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں مندر کے افتتاح کا اعلان کیا تھا اور اس بارے میں تاخیر سے متعلق سوال پر چیف منسٹر نے کہا کہ افتتاح کیلئے مہورت طئے کرنے میں کئی مذہبی اُمور شامل ہوتے ہیں اور یہ معاملہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنا جیر سوامی کو مہورت طئے کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ ترقیاتی کاموں پر 1000 کروڑ خرچ کئے گئے جن میں 750 کروڑ اراضی کے حصول پر خرچ کئے گئے ہیں۔یادادری ٹمپل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے انتہائی اہم شخصیتوں کے قیام کیلئے 13 ایکر اراضی پر خصوصی سوٹس تعمیر کئے ہیں۔ صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور دیگر اہم شخصیتیں اس میں قیام کریں گی۔ر